بانی پی ٹی آئی مسلح جدوجہد پر تلے ہیں، اگر یہ طریقہ اپنایا گیا تو پھر ایکشن ہو گا،بانی کے بیٹے سیاست کیلئے آئے تو پھر آئین کے مطابق فیصلہ ہوگا
بانی پی ٹی آئی کی بہنیں ہر ہفتے دھرنے دے کر خبروں میں آنا چاہتی ہیں، یہ لوگ رولز کے مطابق ملاقات کرنا چاہتے ہی نہیں، رولز کی خلاف ورزی نہ کریں تو آسانی ہو جائے
اسلام آباد(آئی این پی)وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی مسلح جدوجہد پر تلے ہیں، اگر یہ طریقہ اپنایا گیا تو پھر ایکشن ہو گا، بانی پی ٹی آئی کی بہنیں ہر ہفتے دھرنے دے کر خبروں میں آنا چاہتی ہیں، یہ لوگ رولز کے مطابق ملاقات کرنا چاہتے ہی نہیں،آئین و قانون کے مطابق ہی فیصلے کیے جائیں گے۔ایک انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھائی سے ملاقات کیلئے نہیں، دھرنے کے لئے جاتی ہیں، ملاقات کیلئے جائیں تو ملاقات کروائی بھی جائے، یہ ہر ہفتے دھرنے دے کر خبروں میں آناچاہتی ہیں۔مشیرِ وزیراعظم نے کہا کہ آئین میں ملاقات کیلئے رولز واضح ہے، انھوں نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو بالکل ویزہ ملنا چاہیے، بیٹے اگر ملاقات کیلئے آ رہے ہیں تو ضرور آئیں، یہ اگر سیاست کے لیے آئے تو پھر حکومت آئین کے مطابق فیصلہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ محموداچکزئی قوم پرست رہنما ہیں، محمود اچکزئی نے ہمیشہ جمہوریت کی بات کی ہے، پی ڈی ایم میں بھی محمود اچکزئی نے بہت جدوجہدکی۔