بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں نے پاکستان آ کر تحریک میں حصہ لیا توگرفتار ہوں گے رانا ثناء اللہ

 وہ یہاں کسی کو نہیں جانتے، ان کو یہاں لا کر لاقانونیت کا حصہ بنانے کا مطلب کیا ہو سکتا ہے ‘گرفتار ہوئے تو برطانوی سفارتخانہ ہی بازیاب کرا پائے گا
پی ٹی آئی  جس  طرح کے احتجاج کرتی رہی ہے ان کو احتجاج کا حق بالکل نہیں، وہ اداروں پر حملہ کرتی رہی، جلائوگھیرا ئوکیا:مشیر سیاسی امور
 اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر اعظم کے مشیر برائے  سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے  اگر بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان آ کر تحریک میں شامل ہوئے تو انھیں گرفتار کر لیا جائے گا۔   ا یک انٹرویو میں  رانا ثنا اللہ نے کہا  بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی شہریت برطانیہ کی ہے وہ یہاں کسی کو نہیں جانتے، ان کو یہاں لا کر لاقانونیت کا حصہ بنانے کا مطلب کیا ہو سکتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کے پاکستان آنے سے کیا ہوگا ماسوائے ان کے لیے مشکلات ہوں، اگر انھوں نے پاکستان میں آ کر تحریک میں حصہ لیا تو گرفتار ہوں گے، اور پھر ان کو برطانوی سفارتخانہ ہی بازیاب کرائے گا۔رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کو احتجاج کاحق دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کا جو طریقہ کار رہا ہے کون اعتماد کرے گا کہ وہ پرتشدد نہیں ہوں گے، وہ جس طرح کے احتجاج کرتی رہی ہے ان کو احتجاج کا حق بالکل نہیں، وہ جس طرح اداروں پر حملہ کرتی رہی، جلا ئوگھیرائو کیا، اسے اجازت نہیں دی جائے گی۔لیگی رہنما نے کہا پی ٹی آئی کو احتجاج کرنے کی اجازت بالکل نہیں دی جائے گی، ہمارے پاس پوری خبر ہے وہ مستقبل میں کیا کرنا چاہتی ہے، میٹنگز میں کیا باتیں ہوئیں وہ مستقبل میں سنوائی جا سکتی ہیں، پی ٹی آئی جمہوری رویہ اپنانے کے لیے تیار ہی نہیں ہوئی، وہ جس دن جمہوری رویہ اپنائے گی تو ان کے ساتھ بیٹھ کر بات ہوگی۔