جی ایچ کیو حملہ کیس عمران خان سمیت100 ملزموں پر فردجرم عائد
شاہ محمودقریشی‘شیخ رشید‘عمر ایوب‘شیخ راشد شفیق‘زرتاج گل‘ملک احمد چٹھہ‘راجہ بشارت پر بھی فرد جرم عائد کی گئی‘ملزموں کا صحت جرم سے انکار‘عدالت سے باہر نکلتے ہیعمر ایوب‘راجہ بشارت اوراحمد چٹھہ کو گرفتارکرلیا گیا
تحریک انصاف کی قیادت نے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے دہشت گرد تنظیموں کی طرز پر منظم منصوبہ بندی کی ‘پرتشدد مظاہروں سے حکومت کو دباؤ میں لانا دہشتگردی کے زمرے میں آتا ہے:فرد جرم میں الزامات
راولپنڈی (آن لائن‘مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ‘شیخ رشید‘شیخ راشد شفیق سمیت 100 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی ہے اور مقدمہ کے باقاعدہ ٹرائل کے لئے 10 دسمبر کی تاریخ مقرر کی ہے عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرنے سے متعلق سابق چیئرمین کی درخواست بھی خارج کر دی گزشتہ روز سماعت کے موقع پر عدالت نے ملزمان کو فرد جرم پڑھ کر سنائی تاہم ملزمان نے فرد جرم کی صحت سے انکار کردیا جبکہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد پولیس نے تحریک انصاف کے رہنماؤں عمر ایوب، راجہ بشارت اور ملک احمد چٹھہ کو جیل کے باہر سے گرفتار کر کے اڈیالہ چوکی منتقل کر دیا ہے گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر سابق چیئرمین کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ عمر ایوب، شیخ رشید، فواد چوہدری، ملک احمد چٹھہ، زرتاج گل، راجہ بشارت سمیت دیگر ملزمان بھی عدالت پیش ہوئے اس موقع پر ملزمان کی جانب سے فیصل ملک ایڈووکیٹ جبکہ استغاثہ کی جانب سے نوید ملک اور ظہیر شاہ ایڈووکیٹس پیش ہوئے سابق چیئرمین کی جانب سے عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرنے سے متعلق درخواست پر فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے درخواست خارج کردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں ملزموں پر فرد جرم عائد کردی فرد جرم میں عائد الزامات میں کہا گیا ہے تحریک انصاف کی قیادت نے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے دہشت گرد تنظیموں کی طرز پر منظم منصوبہ بندی کی پرتشدد مظاہروں سے حکومت کو دباؤ میں لانا دہشتگردی کے زمرے میں آتا ہے جی ایچ کیو پر حملہ افواج پاکستان کو بغاوت پر اکسانے کی نیت سے کیا گیا 9 مئی سے قبل منصوبہ بندی کرکے عسکری اہداف کا تعین کیا گیا جی ایچ کیو پر حملہ بین الاقوامی میڈیا پر نشر ہوا جس میں بھارتی میڈیا سرفہرت تھا جولائی 2023 میں محکمہ داخلہ پنجاب نے 9 مئی واقعات پر رپورٹ جاری کی رپورٹ کے مطابق 102 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا 26 سرکاری عمارتوں پر منظم حملے کئے گئے سانحہ 9 مئی میں مجموعی نقصان کا تخمینہ 1 ارب 66 کروڑ 56 لاکھ روپے لگایا گیا 9 مئی واقعات ملکی داخلی سلامتی اور ریاستی استحکام پر براہ راست حملہ تھا فرد جرم کے مطابق جی ایچ کیو حملے کا اصل محرک تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کے علاوہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور، سابق وفاقی وزراء اور تحریک انصاف کی مرکزی، صوبائی اور مقامی قیادت کو قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے پیش کردہ چالان کے تحت آئی ٹی لیب سے سوشل میڈیا پر جاری آڈیو ویڈیو پیغامات، جی ایچ کیو کی جیک برانچ سے حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیجز اور ڈیوٹی پر تعینات فوجیوں کے بیانات کی روشنی میں ناقابل تردید شواہد موجود ہیں