پچھلی بار آپ کے وکلا ء کی بانی سے بات کرائی وہ تقریر کرنا شروع ہوگئے، ٹرائل کورٹ ہائیکورٹ کی ہدایات اور احکامات نظر انداز نہیں کرسکتی:انسداد دہشت گردی عدالت
عمران خان واٹس ایپ لنک پر عدالت پیش، وکلا نے پھر بائیکاٹ کردیا‘ ویڈیو لنک ٹرائل لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں چیلنج، کالعدم قرار دیا جائے:درخواست میں استدعا
راولپنڈی(آئی این پی ) انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس سے متعلق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دو درخواستیں خارج کردیں۔راولپنڈی کی انسداددہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس سے متعلق عمران خان کی 2 درخواستوں پر سماعت کی جس سلسلے میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک اور سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت وکیل صفائی نے کہا کہ عمران خان نے درخواستیں دائر کی ہیں کہ 19ستمبر کی عدالتی کارروائی اورسی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج فراہم کی جائے، جیل ٹرائل منتقل کرنے سے متعلق ہائیکورٹ آرڈرز تک عدالتی کارروائی روکی جائے۔وکیل فیصل ملک نے کہا کہ عمران خان سے مشاورت تک عدالتی کارورائی کا حصہ نہیں بننا چاہتے، اس پر عدالت نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر آپ کی بانی پی ٹی آئی سے بات کرائی انہوں نے عدالتی کاروائی کا بائیکاٹ کیا، آپ واٹس ایپ کمیونیکیشن کو ہائیکورٹ میں چیلنج کریں، عدالتی کارروائی نہیں روکی جاسکتی۔اس دوران پراسیکیوٹر نے دلائل میں کہا کہ گزشتہ سماعت پر وکلا صفائی نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا، آج کی سماعت میں عدالت وکلا صفائی کے کسی سوال کا جواب دینے کی پابند نہیں، وکلاصفائی ایک دن عدالت چھوڑ کرجاتے ہیں دوسرے دن کہتے ہیں ہمیں وقت دیا جائے، وکلا صفائی کا کنڈکٹ بتارہا ہے یہ ٹرائل کیلئے سنجیدہ نہیں‘دریں اثناء بانی پی ٹی آئی عمران خان کو واٹس ایپ لنک پر عدالت پیش کردیا گیا جس پر وکلا نے پھر بائیکاٹ کردیا جبکہ بانی پی ٹی آئی کے ویڈیو لنک ٹرائل کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں چیلنج کر دیا گیا۔سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ کی جانب سے ہوم ڈیپارٹمنٹ نوٹیفکیشن بھی ہائی کورٹ چیلنج کیا گیا