رواں سال کا آخری سورج گرہن 12 اگست کو، پاکستان میں نظر آئے گا یا نہیں؟

رواں سال کا آخری سورج گرہن 12 اگست کو، پاکستان میں نظر آئے گا یا نہیں؟

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ رواں سال کا آخری اور مکمل سورج گرہن 12 اور 13 اگست کی درمیانی شب ہوگا، تاہم یہ فلکیاتی مظہر پاکستان سے دیکھا نہیں جا سکے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سورج گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق 12 اگست کی رات 8 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، جبکہ یہ رات 10 بج کر 46 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا۔ سورج گرہن کا اختتام 13 اگست کی رات 12 بج کر 58 منٹ پر ہوگا۔ماہرین کے مطابق مکمل سورج گرہن کے دوران چاند زمین اور سورج کے درمیان آ جائے گا، جس کے باعث سورج مکمل یا جزوی طور پر چھپ جائے گا۔ تاہم اس کا مشاہدہ صرف ان علاقوں میں ممکن ہوگا جہاں یہ فلکیاتی عمل نظر آئے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین اور روس کے بعض علاقوں میں مکمل سورج گرہن دیکھا جا سکے گا، جبکہ یورپ، افریقہ اور امریکا کے مختلف حصوں میں جزوی سورج گرہن نظر آئے گا۔

حکام کے مطابق پاکستان میں نہ تو مکمل اور نہ ہی جزوی سورج گرہن کا مشاہدہ ممکن ہوگا۔دوسری جانب رواں سال 28 اگست کو جزوی چاند گرہن بھی ہوگا، تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق یہ چاند گرہن بھی پاکستان سے نظر نہیں آئے گا۔فلکیاتی ماہرین کے مطابق سورج گرہن ایک قدرتی اور نایاب فلکیاتی مظہر ہے، جس کا مشاہدہ ہمیشہ محفوظ طریقے سے مخصوص حفاظتی آلات کے ذریعے کرنا چاہیے تاکہ آنکھوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔