تھائی لینڈ: فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان کھلاڑی جاں بحق، 12 زخمی

تھائی لینڈ: فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان کھلاڑی جاں بحق، 12 زخمی

تھائی لینڈ میں فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 24 سالہ فٹبالر سوفوان آوائے جاں بحق جبکہ 12 دیگر کھلاڑی زخمی ہو گئے۔

یہ افسوسناک واقعہ جنوبی تھائی لینڈ کے شہر سنگائی کولوک کے سانتی پھاپ اسٹیڈیم میں گولوک ایف اے کپ کے ایک مقامی میچ کے دوران پیش آیا۔پولیس کے مطابق آسمانی بجلی اچانک میدان میں گری، جس کے نتیجے میں سوفوان آوائے شدید زخمی ہو گئے۔ ساتھی کھلاڑی فوری طور پر ان کی مدد کے لیے پہنچے، انہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں ایک ملائیشین کھلاڑی بھی شامل ہے، جبکہ تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔سوفوان آوائے سیمکولٹس ٹیم کی نمائندگی کر رہے تھے اور حال ہی میں تھائی لینڈ کے تھرڈ ڈویژن کلب یالا ایف سی کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔ کلب نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔