ارجنٹائن: فٹبال کے میدان میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں حریف ٹیم کے کھلاڑی کی جانب سے کلیئر کی گئی گیند سر پر لگنے کے باعث 18 سالہ نوجوان فٹبالر جان کی بازی ہار گیا۔
واقعے نے فٹبال حلقوں اور شائقین کو غمزدہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ابیل نونیز نامی نوجوان فٹبالر ارجنٹائن کے کلب ایف سی ایزائزا (FC Ezeiza) کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈیپورٹیوو منیز (Deportivo Muñiz) کے خلاف میچ کھیل رہا تھا۔ میچ کے دوران حریف ٹیم کے ایک دفاعی کھلاڑی نے گیند کو زور سے کلیئر کیا، جو سیدھی ابیل نونیز کے سر پر جا لگی۔گیند سر پر لگتے ہی نوجوان فٹبالر اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور گراؤنڈ میں ہی بے ہوش ہو کر گر پڑا۔ واقعے کے فوراً بعد کھلاڑی کو طبی امداد فراہم کی گئی اور تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے نوجوان کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی اور اس کا آپریشن بھی کیا، تاہم تمام تر طبی کوششوں کے باوجود ابیل نونیز جانبر نہ ہو سکا اور زندگی کی بازی ہار گیا۔
میچ کے عینی شاہد کرسٹیان رومپانی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میچ مجموعی طور پر کافی پرسکون انداز میں جاری تھا، تاہم کھیل کے دوران گیند پر قبضہ حاصل کرنے کے لیے کھلاڑیوں کے درمیان کچھ سخت مقابلہ ضرور ہو رہا تھا۔ایک اور عینی شاہد نے نوجوان فٹبالر کے اچانک گرنے کے منظر کو باکسنگ مقابلے میں کسی کھلاڑی کے ناک آؤٹ ہونے سے تشبیہ دی، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ واقعہ کس قدر اچانک اور غیر متوقع تھا۔