ایران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے پاکستان کو مثبت اشارے دے دیئے ہیں:عرب میڈیا کا دعوی
شمالی راستے پر ایران، جنوبی پر عمان کا کنٹرول ہوگا‘60روزہ مدت کے دوران ٹول یا فیس وصول نہیں کی جائے گی: ویب سائٹ
اسلام آباد(آئی این پی )عرب میڈیا نے دعوی کیا ہے ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے حوالے سے پاکستان کو مثبت اشارے دے دئیے۔ العربیہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق علاقائی سیکیورٹی اور عالمی تجارتی راہداریوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایران نے علاقائی نگرانی کے تحت آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے پاکستان کو مثبت اشارے دے دئیے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی 5ویں شق میں سیکیورٹی ضمیمہ اور بنیادی سیکیورٹی نکات شامل کرنے پر آمادہ ہو گیا ہے۔امریکی نیوز ویب سائٹ 'ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابقامریکا، ایران اور عمان آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کیلئے ایک عبوری معاہدے کے بالکل قریب ہیں ۔ڑپورٹ کے مطابق دو علاقائی ذرائع اور ایک امریکی عہدیدار نے بتایا ہے کہ امریکا کی جانب سے بہت جلد باضابطہ اعلان متوقع ہے۔کئی ہفتوں سے جاری مذاکرات کے بعد سامنے آنے والے اس معاہدے کا مقصد امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کو بحال کرنا اور جوہری معاہدے پر دوبارہ بات چیت شروع کرنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، یہ ممکنہ معاہدہ آبنائے ہرمز میں ٹریفک پر زیادہ کنٹرول کے حوالے سے ایران کے بعض مطالبات پورے کر دے گا جو کہ جنگ سے پہلے اسے حاصل نہیں تھا۔ دو علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاہدے میں عمان اور ایران کے درمیان 60 روزہ عارضی انتظام طے کیا گیا ہے جس میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔اس انتظام کے تحت، آبنائے ہرمز سے خلیج میں داخل ہونے والے تمام بحری جہازوں کی ٹریفک ایرانی حدود سے گزرنے والی شمالی لین سے گزرے گی جبکہ آبنائے ہرمز سے بحیرہ عرب کی جانب نکلنے والی ٹریفک ایران کی مشاورت سے عمانی حدود سے گزرنے والی جنوبی لین استعمال کرے گی، اس 60 روزہ مدت کے دوران کوئی ٹول یا فیس وصول نہیں کی جائے گی۔۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز کو بہت جلد دوبارہ نہیں کھولا تو اسے سخت حملے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ٹرمپ نے کیلیفورنیا کے دورے کے دوران کہا کہ یہ آبنائے بہت جلد کھلنے والا ہے، یا پھر انہیں سخت ضرب لگے گی اور پھر یہ کھل جائے گا۔