لبنان پر اسرائیلی حملے کے باوجود معاہدہ برقرار رہ سکتا ہے، امریکہ ایران میں سرمایہ کاری نہیں کر رہا، جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کرے گا تو جہنم ڈھا دیں گے
یہ معاہدہ ایٹمی ہتھیاروں کے سامنے دیوار ہے‘ روس کو بھی معاہدہ کرلینا چاہیے‘ اسرائیل کو تجویز دی ہے حزب اللہ سے نمٹنے کی ذمہ داری شام کو سونپی جائے: امیر قطر سے گفتگو
جنیوا(آئی این پی ‘مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے اسرائیل بہت پہلے تباہ ہوجاتا اگر میں مداخلت نہیں کرتا۔ امریکہ کے بغیر اسرائیل کا وجود نہیں ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرانس کے شہر ایویان میں جاری جی 7 سربراہی اجلاس کے موقع پر قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ اہم ملاقات کے دوران کیا‘صدر ٹرمپ نے کہا اگر ایران نے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کی تو اس پر جہنم ڈھا دیں گے۔ ایران کے ساتھ کیا گیا معاہدہ کامیاب ہونا چاہیے۔ یہ معاہدہ ایٹمی ہتھیاروں کے سامنے دیوار ہے۔ روس کو بھی معاہدہ کرلینا چاہیے۔ میرے خیال سے ایران سے منصفانہ ڈیل ہوئی ہے۔ ہم ایران میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کررہے۔ علاوہ ازیں قطر نے جس طرح معاملات کو سنبھالا، میں اس سے خوش ہوں۔ میرے لیے سب سے اہم یہی ہے ایران کے پاس کبھی ایٹمی ہتھیار نہیں ہونگے.ٹرمپ نے کہا اسرائیل کو بول دیا ہے مجھے بیروت پر حملہ پسند نہیں آیا۔ نیتن یاہو سے اچھے تعلقات ہیں۔ اسرائیل کو تجویز دی ہے حزب اللہ سے نمٹنے کی ذمہ داری شام کو سونپی جائے۔ ایران کے پاس اب معقول قیادت ہے جبکہ لبنان جنگ کو معمولی تنازع سمجھتا ہوں۔