آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمد و رفت کے نقشوں پر عمان سے اتفاق ہو گیا‘نئے زون کا چند روز میں اعلان کیا جائیگا:محسن رضائی
آبنائے ہرمز میں خلل کا الزام مسترد ،امریکہ نے خطے پر جنگ مسلط کی، اس کی ادائیگی پوری دنیا سے کرانے کی توقع کر رہا ہے:ایرانی وزارت خارجہ
تہران(مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی)ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کا کہنا ہے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمد و رفت کے نقشوں پر عمان سے اتفاق ہو گیا۔انہوں نے کہا ہے پابندی والے زون کا آئندہ چند روز میں اعلان کیا جائے گا، جو امریکی ناکہ بندی کی لائن سے شروع ہو کر خلیج تک پھیلے گا۔محسن رضائی کا کہنا ہے کہ زون میں داخل ہونے والے ہر بحری جہاز کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملے سے پہلے آبنائے ہرمز مکمل کْھلی ہوئی تھی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے آبنائے ہرمز میں خلل کا الزام مسترد کرتے ہوئیکہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملے سے قبل آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی ہوئی تھی، امریکا نے خطے پر غیر قانونی اور وحشیانہ جنگ مسلط کی، جس کے نتیجے میں تجارتی جہاز رانی کا نظام متاثر ہوا اور توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے ‘ امریکہ جنگ خود شروع کرکے اس کی ادائیگی پوری دنیا سے کرانے کی توقع کر رہا ہے۔ امریکاکی جانب سے صرف ایران کو خطے میں افراتفری کا ذمہ دار قرار دینا سراسر مضحکہ خیز ہے۔