ہسپتالوں میں 13 خدمت مراکز، شہریوں کو علاج و قانونی سہولیات کی فراہمی
لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں قائم 13 پولیس خدمت کاونٹرز پر شہریوں کو ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی جاری ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق رواں سال ان مراکز سے 15,320 میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے ہیں۔ جنرل ہسپتال سے 3139، جناح ہسپتال سے 2099، سروسز ہسپتال سے 1700، میو ہسپتال سے 730، گنگا رام ہسپتال سے 563، میاں منشی ہسپتال سے 1713، کوٹ خواجہ سعید سے 1552، نواز شریف ہسپتال سے 476، دیہی مرکز صحت برکی سے 682، اعوان ڈھائے والا سے 925، مانگا منڈی سے 585، رائیونڈ سے 694 اور چوہنگ سے 462 میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس جاری ہوئے۔ 4101 پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق پولیس خدمت کاونٹرز زخمیوں کو حادثات و دیگر واقعات میں طبی و قانونی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ پولیس خدمت کاونٹرز سے ملازمین کو میڈیکل، پولیس ویریفکیشن اور علاج معالجہ میں مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ لاہور پولیس شہریوں کو خدمات کی فراہمی کے لیے مسلسل مصروف عمل ہے۔