مختلف خدمت مراکز پر شہریوں کی جانب سے 186 کرائم رپورٹس درج کی گئیں: ترجمان لاہور پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کے خدمت مراکز شہریوں کو جدید اور ڈیجیٹل پولیسنگ کی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک 8 لاکھ 11 ہزار سے زائد شہری مختلف پولیس خدمت مراکز سے مستفید ہو چکے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق پولیس خدمت مراکز سے 65 ہزار سے زائد شہریوں کو پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے، جبکہ ایک لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد نے پولیس ویریفیکیشن کی سہولت حاصل کی۔ مختلف خدمت مراکز پر شہریوں کی جانب سے 186 کرائم رپورٹس درج کی گئیں، جبکہ 7 ہزار سے زائد گمشدہ دستاویزات کی رپورٹس بھی رجسٹر کی گئیں۔ اس کے علاوہ 6 ہزار 443 شہریوں کو ایف آئی آرز کی مصدقہ نقول فراہم کی گئیں۔ترجمان کے مطابق ٹریفک سے متعلق خدمات کے تحت رواں سال 2 لاکھ 99 ہزار سے زائد لرنر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جبکہ ایک لاکھ 69 ہزار سے زائد مستقل ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے گئے۔ اسی عرصے میں 83 ہزار 449 ڈرائیونگ لائسنسوں کی تجدید کی گئی، جبکہ 7 ہزار 813 انٹرنیشنل اور 2 ہزار 847 ڈوپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے گئے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ جدید، سٹیٹ آف دی آرٹ پولیس خدمت مراکز میں شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل آئی ٹی سروسز نے روایتی تھانہ کلچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور لاہور پولیس شہریوں کو ہر ممکن ریلیف، شفاف اور معیاری پولیسنگ کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔