پاکستان اور افغانستان کے درمیان متوقع سنسنی خیز ٹی20 سیریز سے قبل شارجہ حکام نے سیکیورٹی کے سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے تاکہ دونوں ٹیموں اور شائقین کے لیے ایک پرامن اور محفوظ ماحول یقینی بنایا جا سکے۔
ٹرائی نیشن ٹی20 سیریز رواں ماہ 29 اگست سے 7 ستمبر تک جاری رہے گی، جس میں میزبان متحدہ عرب امارات بھی شریک ہے۔ ماضی میں دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والی ہنگامہ آرائی کے پیش نظر، حکام نے اس بار اسٹینڈز اور داخلی راستوں کو علیحدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔مزید برآں، پاکستان اور افغانستان کے شائقین کو الگ الگ نشستیں اور انٹری پوائنٹس فراہم کیے جائیں گے، اور ٹکٹوں کی فروخت بھی قومیت کی بنیاد پر کی جا رہی ہے تاکہ ہر ٹیم کے حامی اپنے مخصوص حصے میں بیٹھ سکیں۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کی مجموعی گنجائش 16 ہزار ہے، اور حکام کو ہاؤس فل کی توقع ہے، جس کے پیش نظر یہ سیکیورٹی اقدامات ضروری قرار دیے گئے ہیں۔
سیریز کا شیڈول کچھ یوں ہے:
29 اگست: افغانستان بمقابلہ پاکستان
30 اگست: یو اے ای بمقابلہ پاکستان
1 ستمبر: یو اے ای بمقابلہ افغانستان
2 ستمبر: پاکستان بمقابلہ افغانستان
4 ستمبر: پاکستان بمقابلہ یو اے ای
5 ستمبر: افغانستان بمقابلہ یو اے ای
7 ستمبر: فائنل مقابلہ
اس سیریز کے تمام میچز شارجہ اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔ یہ مقابلے ایشیا کپ سے قبل تینوں ٹیموں کے لیے اہم پریکٹس میچز فراہم کریں گے۔ پاکستان اور افغانستان کے میچز اب تک سات مرتبہ ہوئے ہیں، جن میں سے پاکستان نے چار اور افغانستان نے تین جیتے ہیں۔ ابتدا میں یہ مقابلہ صرف پاکستان اور افغانستان کے درمیان طے پایا تھا، مگر بعد میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی تجویز پر اسے تین ملکی ایونٹ میں تبدیل کیا گیا ہے۔سیریز کے فوری بعد 9 ستمبر سے ایشیا کپ کا آغاز ہوگا، جو کہ کرکٹ شائقین کے لیے ایک بھرپور مقابلہ ہوگا۔