کرکٹ آسٹریلیا نے ایک منفرد اور شائقین دوست قدم اٹھاتے ہوئے امریکی بیس بال کی مقبول روایت کو بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں متعارف کرایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، رواں سیزن میں بگ بیش لیگ کے میچز میں شائقین کو ہر اننگز کے پہلے اوور میں چھکے یا چوکے لگنے کی صورت میں کراؤڈ میں جانے والی گیند اپنے پاس رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ نیا اصول صرف پہلے اوور پر لاگو ہوگا اور دونوں لیگوں، یعنی ویمنز بگ بیش لیگ اور مینز بگ بیش لیگ، میں نافذ العمل ہے۔اگر کوئی گیند براہِ راست یا اچھل کر باؤنڈری پار کر تماشائیوں میں چلی جائے، تو مداح اسے واپس کرنے کے بجائے یادگار کے طور پر اپنے پاس رکھ سکیں گے۔ یہ اقدام مقامی بینک کے تعاون سے کیا گیا ہے، جو جولائی میں کرکٹ آسٹریلیا کا نیا شراکت دار بنا ہے۔
پچھلے سیزن کے اعدادوشمار کے مطابق، مینز بگ بیش لیگ میں ہر 2 میچز میں اوسطاً پہلے اوور میں ایک گیند تماشائیوں تک پہنچتی ہے، جبکہ ویمنز لیگ میں یہ شرح ہر 10 میچز میں ایک مرتبہ ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق، یہ اقدام کھیل کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ وویمنز بگ بیش لیگ 9 نومبر سے اور مینز بگ بیش لیگ 14 دسمبر سے شروع ہوگی۔