ایران میں ایک شخص کو جوہری سائنسدان کی معلومات اسرائیل کو فراہم کرنے کے الزام میں سزائے موت دے دی گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، ایرانی حکام نے عدالت اور سپریم کورٹ سے سزا کی توثیق کے بعد روزبہ وعدی کو پھانسی دی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس جاسوس پر الزام تھا کہ اس نے اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران مارے گئے ایرانی جوہری سائنس دان کے بارے میں خفیہ معلومات فراہم کی تھیں۔ یہ معلومات ایرانی حکومت کے مطابق، اسرائیل کے لیے حساس اور اہم تھیں، اور ان معلومات کی بنیاد پر ایرانی سائنس دان کی ہلاکت ہوئی تھی۔
ایران نے حالیہ برسوں میں متعدد افراد کو گرفتار اور سزا دی ہے جن پر اسرائیل یا مغربی ممالک کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ایران کا موقف ہے کہ وہ اپنی قومی سلامتی کے خلاف کسی بھی سازش کو برداشت نہیں کرے گا اور ایسے جرائم کی سخت سزا دی جائے گی۔ یہ واقعہ ایران کے داخلی اور علاقائی سلامتی کے تناظر میں اہم اور حساس موضوع ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔