میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہے کہ گرین لائن پراجیکٹ کا کام 31 اکتوبر 2026 تک مکمل ہو کر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ گرین لائن کی تعمیر کے دوران بعض مشکلات کا سامنا رہا، لیکن اب جب کہ منصوبہ مکمل ہونے کے قریب ہے، عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شروع میں کے ایم سی کو اس منصوبے کے حوالے سے مکمل اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا، لیکن اب تمام مسائل کو مل کر حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کی ٹائم لائن کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات چیت ہوئی ہے اور اس نے منصوبے کے مسائل بھی حل کر دیے ہیں۔ آئندہ چند روز میں ریڈ لائن منصوبے پر بھی باضابطہ کام شروع کیا جائے گا، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما امین الحق نے بھی گفتگو کی، جنہوں نے کہا کہ میئر کراچی نے سڑکوں کی خرابی اور ڈرینج کے مسائل کی نشاندہی کی تھی، جن پر انہوں نے پی آئی ڈی سی ایل سے بات کی۔ امین الحق کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب کے تحفظات درست تھے اور ان مسائل کے حل سے کراچی کی ترقی ممکن ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کی ترقی سے نہ صرف شہر بلکہ سندھ اور پاکستان بھی ترقی کرے گا۔