لاہور ڈویژن میں 27 کیسز رپورٹ، 5 افراد کو گرفتار اور 2 کے خلاف قانونی مقدمات درج کیے
لاہور (کرائم رپورٹر) صوبہ پنجاب میں چینی کی سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف پرائس کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے کریک ڈاؤن جاری ہے۔ترجمان پرائس کنٹرول کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 915 دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی، جن میں سے 79 افراد کو گرفتار اور 27 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق 836 افراد کو موقع پر ہی جرمانے عائد کیے گئے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر اب تک 27 ہزار 413 افراد کے خلاف مختلف نوعیت کی کارروائیاں ہو چکی ہیں، جن میں 1,820 افراد گرفتار اور 303 کے خلاف مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ لاہور ڈویژن میں 27 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 5 افراد کو گرفتار اور 2 کے خلاف قانونی مقدمات درج کیے گئے۔ گوجرانوالہ میں 417، فیصل آباد میں 94، ساہیوال میں 10، سرگودھا میں 18 اور راولپنڈی ڈویژن میں 78 گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔اسی طرح بہاولپور میں 113، ڈیرہ غازی خان میں 52 اور ملتان ڈویژن میں 106 افراد کو چینی مہنگے داموں فروخت کرنے پر نشانہ بنایا گیا۔ترجمان پرائس کنٹرول اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ چینی سمیت تمام ضروری اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گراں فروشی، نرخ نامے کی عدم دستیابی یا خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو مطلع کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔