شہر قائد میں آئندہ تین روز تک ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جب کہ سمندری ہوائیں بھی معمول کے مطابق چلتی رہیں گی۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق کراچی میں آئندہ تین دن مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور موسم مرطوب رہے گا۔ اس دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی متوقع ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ رہے گا۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم مشرقی ساحلی پٹی پر بعض مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ محکمہ آبپاشی کی رپورٹ کے مطابق:
گڈو بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کی سطح 5 لاکھ 44 ہزار 658 کیوسک ہے۔
سکھر بیراج پر درمیانے درجے کے سیلاب کے دوران پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 70 ہزار 580 کیوسک ریکارڈ ہوا۔
کوٹری بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب کے ساتھ پانی کی سطح 2 لاکھ 62 ہزار 509 کیوسک ہے۔
ماہرین کے مطابق دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے قریبی نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے اور بروقت اقدامات کی ضرورت ہے۔