روس کے صدارتی محل کریملن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو دی گئی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور صورتحال انتہائی خطرناک رخ اختیار کر چکی ہے۔
کریملن کے مطابق اس وقت پورا مشرقِ وسطیٰ کا خطہ شدید تناؤ کی لپیٹ میں ہے اور حالات نہایت تشویشناک ہیں۔ روسی حکام نے خبردار کیا کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کھولنے کے معاملے پر سخت بیانات کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو دی گئی پرانی ڈیڈ لائن میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کر دی ہے۔نئی ڈیڈ لائن کے مطابق معاہدے کے لیے وقت منگل رات 8 بجے ایسٹرن ٹائم تک مقرر کیا گیا ہے، جو ایران میں بدھ کی صبح 3:30 اور پاکستان میں بدھ کی صبح 5 بجے بنتا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق اس پیش رفت کے بعد خطے کی صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے اور عالمی طاقتیں حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔