روسی ایوان صدر کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدارتی ایلچی اسٹیو وٹکوف بات چیت کے لیے روس پہنچ گئے ہیں۔
ماسکو میں ایک پریس بریفنگ کے دوران پیسکوف نے اس بات کی تصدیق کی کہ وٹکوف روسی سرزمین پر موجود ہیں، تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق یا تردید نہیں کی کہ وٹکوف کی روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات طے ہے یا نہیں۔پیسکوف نے کہا کہ اگر ایسی ملاقات ہوتی ہے تو عوام کو اس کی اطلاع دی جائے گی۔ اس کے بعد امریکی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا تھا کہ وٹکوف اور پوٹن کی تیسری آمنے سامنے ملاقات متوقع ہے۔فلائٹ ٹریکنگ سروس FlightRadar24 نے صبح کے وقت وٹکوف کے طیارے کو سینٹ پیٹرزبرگ میں اترتے ہوئے دکھایا، جس سے ان کی روس آمد کی تصدیق ہوئی۔اس دورے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ اس وقت ہو رہا ہے جب گزشتہ دنوں روسی اور امریکی حکام کے درمیان استنبول میں سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہوا تھا۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔