کریملن نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 15 اگست کو الاسکا میں ملاقات کریں گے۔
اس ملاقات کا مقصد یوکرین کے تنازعے کے طویل المدتی اور پُرامن حل پر تبادلہ خیال کرنا ہوگا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کریملن کا کہنا ہے کہ یہ ایک چیلنجنگ عمل ہوگا لیکن دونوں ممالک بھرپور توانائی کے ساتھ اس مذاکراتی عمل میں حصہ لیں گے تاکہ خطے میں امن قائم کیا جا سکے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنی ملاقات کی تصدیق کی اور عوام کو اس سے آگاہ کیا۔ اس سے قبل بھی وہ وائٹ ہاؤس میں اعلان کر چکے تھے کہ جلد روسی صدر سے ملاقات کریں گے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، صدر پیوٹن نے امریکہ کو پیشکش کی ہے کہ مشرقی یوکرین میں جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات کیے جائیں، جو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔یہ ملاقات عالمی سطح پر اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یوکرین کا بحران بین الاقوامی سلامتی اور سیاسی تعلقات پر گہرے اثرات مرتب کر رہا ہے۔ دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات امید کی جاتی ہے کہ عالمی امن کے لیے مثبت پیش رفت کا باعث بنے گی۔