وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آپریشن غضب للحق کے دوران 5 اپریل 2026 تک افغان طالبان کے 796 کارندے ہلاک جبکہ 1043 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
انہوں نے بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ آپریشن کے دوران 286 چوکیاں تباہ جبکہ 44 چوکیاں قبضے میں لے لی گئیں۔ اس کے علاوہ 249 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں، توپیں اور ڈرون بھی تباہ کیے گئے۔عطاء اللہ تارڑ کے مطابق افغانستان بھر میں 81 دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ 2 اور 3 اپریل کی رات غلام خان سیکٹر میں سرحدی چوکی پر افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے حملے کی کوشش کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران حملہ آوروں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا، جن میں 37 ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہوئے۔وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔