بانی پی ٹی آئی کے خلاف گھیراؤ، جلاؤ اور احتجاج سے متعلق 7 مقدمات میں درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری کی سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔
راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں مقدمات کی سماعت ہوئی، جس میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل محمد فیصل ملک سمیت ان کی قانونی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی۔سماعت انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، جبکہ سینئر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کی سربراہی میں پراسیکیوشن ٹیم بھی عدالت میں موجود تھی۔دورانِ سماعت وکیل محمد فیصل ملک نے عدالت سے استدعا کی کہ بانی پی ٹی آئی کی درخواستِ ضمانت پر آج دلائل دیے جائیں گے۔پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمات کے مکمل چالان پیش نہ کیے جانے پر عدالت نے پولیس سے استفسار کیا اور آئندہ سماعت پر تمام مقدمات کے چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے درخواستِ ضمانت پر مزید سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔