شہباز شریف کے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے دعوے پر سماعت 19 ستمبر تک ملتوی

شہباز شریف کے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے دعوے پر سماعت 19 ستمبر تک ملتوی

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف دائر کیے گئے 10 ارب روپے کے ہرجانے کے دعوے پر سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

ایڈیشنل جج یلماز غنی نے کیس کی سماعت کی، تاہم بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی جانب سے دائر درخواست پر جواب جمع نہ ہونے کے باعث عدالت میں مزید کارروائی نہ ہوسکی۔سماعت کے دوران مدعی وزیراعظم شہباز شریف کے وکیل بھی بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔ عدالت نے وزیراعظم کے وکلا سے بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی درخواست پر جواب طلب کر رکھا تھا، تاہم مقررہ سماعت پر جواب داخل نہیں کیا جاسکا۔عدالت نے کیس کی مزید کارروائی کے لیے 19 ستمبر کی تاریخ مقرر کردی ہے۔

جیل میں ملاقات کی درخواست بھی زیرِ التوا
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی جانب سے اپنے مؤکل سے جیل میں ملاقات کی اجازت کے لیے بھی درخواست دائر کی گئی ہے۔ اس درخواست پر بھی قانونی کارروائی جاری ہے۔کیس میں آئندہ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی درخواست پر وزیراعظم کے وکلا کی جانب سے جواب جمع کرائے جانے کے بعد عدالت مزید کارروائی آگے بڑھائے گی۔یہ ہرجانے کا دعویٰ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف دائر کیا گیا ہے، جس میں 10 ارب روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔