لاہور: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ میرے بیٹوں کو گرفتار کرکے وہ بانی پی ٹی آئی پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ شیر شاہ کی ضمانت پر سماعت تھی، لیکن تفتیشی افسر نے ریکارڈ پیش نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی پنجاب پولیس کو ہدایت ہے کہ مقدمے کا ریکارڈ پیش نہ کریں، جبکہ اس مقدمے میں دیگر تمام افراد کی ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں۔علیمہ خان نے مزید کہا کہ وہ بہنیں اڈیالہ جیل جا رہی ہیں اور کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن ہے تاکہ ان کا مکمل چیک اپ کروایا جا سکے۔ انہوں نے کہا، ’’بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ مجھے اس طرح قید کر کے یہ نہیں توڑ سکتے، پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم قربانی دینے کو تیار ہیں۔‘‘دوسری جانب، لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شیر شاہ کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ دوران سماعت پراسیکیوشن نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی تھی۔