لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف دائر ہتک عزت کے دعویٰ کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی ہوگئی۔
عدالتوں میں موسم گرما کی تعطیلات اور بار کونسل کی ہڑتال کے باعث سماعت ممکن نہ ہوسکی۔ عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کو ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کے لیے طلب کر رکھا تھا۔ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی نے کیس کی سماعت 6 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔شہباز شریف نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 100 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔ دعویٰ میں مؤقف اپنایا گیا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی نے ان پر جھوٹے الزامات عائد کیے، جس سے ان کی شہرت اور عزت کو شدید نقصان پہنچا۔