یو ایس اوپن میں عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار آرینا سبالینکا کو کورٹ میں پھیلنے والی بھنگ کی شدید بو کے باعث اپنا میچ کچھ دیر کے لیے روکنا پڑ گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق لوئس آرمسٹرانگ اسٹیڈیم میں ازبکستان کی کامیلا راخیمووا کے خلاف تیسرے راؤنڈ کے میچ کے دوران سبالینکا نے دوسرے سروس گیم میں کھیل روک کر امپائر ایوا اسدراکی مور کی توجہ تیز بو کی جانب دلائی۔سبالینکا نے امپائر سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ بو بہت زیادہ تیز ہے اور اسے دور کرنے کے لیے کارروائی کی جائے۔میچ کے بعد سبالینکا نے واضح کیا کہ انہیں لوگوں کے تفریح کرنے یا بھنگ استعمال کرنے پر اعتراض نہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ شائقین کو ٹینس کورٹ کے قریب ایسا کرنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ تیز بو کے باعث کھیل پر توجہ مرکوز کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔
سبالینکا کے مطابق تیز ہوا کے باعث باہر سے آنے والی بو اسٹیڈیم تک پہنچی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹورنامنٹ کے دوران پہلے بھی ایسی بو محسوس کرچکی ہیں، تاہم اس مرتبہ اس کی شدت غیر معمولی تھی۔واضح رہے کہ نیویارک میں 21 سال سے زائد عمر افراد کے لیے تفریحی طور پر بھنگ کا استعمال قانونی ہے، تاہم یو ایس اوپن کے احاطے میں سگریٹ نوشی کی اجازت نہیں۔