عالمی نمبر ون ٹینس اسٹار آرینا سبالینکا نے فرنچ اوپن میں شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے جاپان کی سابق عالمی نمبر ون ناؤمی اوساکا کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
پیرس میں کھیلے گئے سال کے دوسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن کے خواتین کے نائٹ سیشن مقابلے میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ سبالینکا نے میچ میں 5-7 اور 3-6 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔میچ کے آغاز میں اوساکا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی برتری حاصل کی، تاہم سبالینکا نے جلد ہی واپسی کرتے ہوئے اسکور برابر کر دیا۔ پہلے سیٹ کے اہم لمحات میں انہوں نے فیصلہ کن بریک حاصل کر کے سیٹ اپنے نام کیا۔دوسرے سیٹ میں بھی عالمی نمبر ون نے دباؤ برقرار رکھا اور 3-3 کی برابری کے بعد اہم بریک حاصل کر کے میچ اپنے حق میں کر لیا۔
میچ کے بعد سبالینکا نے شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے منفرد انداز میں مائیکل جیکسن کی مشہور “مون واک” کا مظاہرہ بھی کیا، جس پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے خوب داد دی۔کوارٹر فائنل میں اب ان کا مقابلہ روس کی ڈیانا شنائیڈر سے ہوگا، جنہوں نے امریکی کھلاڑی میڈیسن کیز کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی ہے۔اسی ٹورنامنٹ میں روس کی انا کالنسکایا نے بھی سخت مقابلے کے بعد اناستاسیا پوٹاپووا کو شکست دے کر اپنے کیریئر میں پہلی بار فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے، جو ان کے کیریئر کی ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔