شہر بھر میں مہنگائی کے ساتھ ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سرکاری نرخ مقرر ہونے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی مقررہ قیمت سے کہیں زیادہ پر فروخت کی جا رہی ہے۔ سرکاری طور پر ایل پی جی کی قیمت 308 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہی گیس 420 سے 520 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف گھروں میں گیس دستیاب نہیں، جبکہ دوسری جانب وہ باقاعدگی سے گیس کے بل ادا کر رہے ہیں۔ گیس کی عدم دستیابی کے باعث مہنگی ایل پی جی خریدنا ان کی مجبوری بن چکا ہے۔عوام کے مطابق مارکیٹ میں کسی بھی جگہ ایل پی جی سرکاری نرخ پر دستیاب نہیں، جس کے باعث انہیں مقررہ قیمت سے کہیں زیادہ رقم ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے پہلے ہی گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کر رکھا ہے، جبکہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے سے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مزید مشکل ہوگیا ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری نرخ پر فروخت یقینی بنانے کے لیے مؤثر کارروائی کی جائے اور زائد قیمت وصول کرنے والے منافع خوروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے۔