سردیوں کی آمد سے قبل ایل پی جی مہنگی، فی کلو قیمت 520 روپے تک پہنچ گئی

سردیوں کی آمد سے قبل ایل پی جی مہنگی، فی کلو قیمت 520 روپے تک پہنچ گئی

سردیوں کی آمد سے قبل ہی مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

 شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی 500 سے 520 روپے فی کلوگرام تک فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ سرکاری نرخ اس سے کہیں کم ہیں۔اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 279 روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے، تاہم مارکیٹ میں دکاندار مقررہ نرخوں سے تقریباً دوگنی قیمت وصول کر رہے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث صارفین کو گیس کے حصول کے لیے اضافی رقم خرچ کرنا پڑ رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سردیوں کا موسم شروع ہونے سے پہلے ہی ایل پی جی کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ ان کے گھریلو بجٹ پر اضافی بوجھ بن رہا ہے۔ خصوصاً وہ گھرانے جو کھانا پکانے اور دیگر گھریلو ضروریات کے لیے ایل پی جی استعمال کرتے ہیں، بڑھتی ہوئی قیمتوں سے متاثر ہو رہے ہیں۔

صارفین نے شکایت کی ہے کہ سرکاری نرخ مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں ان پر عمل درآمد نظر نہیں آتا اور مختلف علاقوں میں ایل پی جی من مانی قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہے۔شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے، مارکیٹوں میں نگرانی کا مؤثر نظام قائم کیا جائے اور مقررہ سرکاری نرخوں پر گیس کی فروخت یقینی بنانے کے لیے کارروائی کی جائے۔