آئی ایم ایف کے پاس بار بار جانا معاشی مسائل کا مستقل حل نہیں، برآمدات بڑھا کر ہی پائیدار ترقی ممکن ہے:وفاقی وزیر منصوبہ بندی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے ملک میں 15 نئے صوبوں کی تجویز دے دی۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا سسٹم ڈلیور نہیں کررہا، ہر صوبے کو تین حصوں میں تقسیم کیا جانا چاہیے۔ جائزہ کمیٹی بنا کر قومی و سیاسی بحث شروع کی جائے، نئے صوبوں کے لیے سیاسی اتفاق رائے ناگزیر ہے۔دریں اثناء زرعی برآمدات سے استفادہ کرنے کے حوالے سے منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا 2035 تک پاکستان کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے لیے برآمدات میں نمایاں اضافہ ناگزیر ہے، کیونکہ برآمدات میں مطلوبہ کارکردگی نہ دکھانا ہی ملک کے معاشی بحران کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ قرض لے کر زرمبادلہ کی ضروریات پوری کرنا محض ایک وقتی حل ہے، مستقل علاج نہیں۔ دنیا کے ترقی پذیر ممالک نے برآمدات بڑھا کر ہی پائیدار ترقی حاصل کی ہے، اور پاکستان کو بھی معاشی بحران سے نکلنے کے لیے 100 ارب ڈالر کی برآمدات کے ہدف کی طرف بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کا فقدان پاکستان کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ رہا ہے، اور معاشی ترقی کے لیے کم از کم دس سال تک پالیسیوں کا تسلسل انتہائی ضروری ہے۔