بھارت ضدی بچے کی طرح کا کردار ادا کررہا ہے: احسن اقبال

پہلگام واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کرکے پتہ لگنا چاہیے ذمہ دار کون ہے
 پاکستان کی امن کی خواہش کو  کوئی کمزوری سمجھتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے :میڈیا سے گفتگو
 نارووال(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال  نے کہا  ہے کہ بھارت اس وقت ایک ضدی بچے کی طرح کا کردار ادا کر رہا ہے۔نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو اگر کوئی کمزوری سمجھتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا بھارت کے اخلاقی اور سفارتی دیوالیہ پن کا ثبوت ہے، اس کے پاس کچھ اور نہیں بچا تو اب وہ پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے پر اتر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر میلی نگاہ ڈالی تو اسے ایسا جواب ملے گا کہ وہ اسے ہمیشہ یاد رکھے گا۔ان کا  کہنا تھا  کہ پہلگام واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کرکے پتہ لگنا چاہیے کہ اس واقعے کے ذمہ دار کون ہے۔