نیپال میں 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹیوں پر اکیلے چڑھائی پر پابندی

نیپال میں 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹیوں پر اکیلے چڑھائی پر پابندی

کٹھمنڈو: اگر آپ کوہ پیما ہیں اور بلند و بالا چوٹیوں کو اکیلے سر کرنے کے خواہشمند ہیں تو اب یہ شوق نیپال میں پورا نہیں ہو سکے گا۔

 نیپالی حکومت نے باضابطہ طور پر ماؤنٹ ایورسٹ سمیت 8 ہزار میٹر سے بلند تمام پہاڑوں کو اکیلے سر کرنے پر پابندی نافذ کر دی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ نیا ضابطہ یکم ستمبر سے نافذ العمل ہو گیا ہے۔ اس کے تحت اب 8 ہزار میٹر سے زائد بلند چوٹیوں پر چڑھنے کے لیے کم از کم دو رکنی ٹیم کا ہونا لازمی ہے، جبکہ ان کے ساتھ ایک تجربہ کار گائیڈ کی موجودگی بھی ضروری قرار دی گئی ہے۔رواں سال کے آغاز میں نیپالی حکومت نے کوہ پیمائی کے ضوابط میں چھٹی ترمیم کی تھی جس میں یہ شرط شامل کی گئی، ساتھ ہی غیر ملکی کوہ پیماؤں کے لیے رائلٹی فیس میں بھی اضافہ کر دیا گیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کوہ پیماؤں کی جان کے تحفظ اور حادثات کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔ ماضی میں کئی کوہ پیما تنہا مشن پر نکلنے کے بعد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔واضح رہے کہ دنیا کی 10 بلند ترین چوٹیوں میں سے 8 نیپال میں واقع ہیں جن میں ماؤنٹ ایورسٹ بھی شامل ہے، اسی وجہ سے دنیا بھر کے کوہ پیما اپنی مہمات کے لیے نیپال کا رخ کرتے ہیں۔