چاہت فتح علی خان پر انڈے پھینکے جانے کا واقعہ؛ گلوکار کا وضاحتی بیان سامنے آگیا

چاہت فتح علی خان پر انڈے پھینکے جانے کا واقعہ؛ گلوکار کا وضاحتی بیان سامنے آگیا

سوشل میڈیا پر اپنی منفرد گائیکی کے باعث شہرت حاصل کرنے والے معروف گلوکار و انٹرٹینر چاہت فتح علی خان نے ان پر انڈے پھینکے جانے کے واقعے پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔

انہوں نے اپنے مداحوں اور میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ناخوشگوار واقعے پر ہمدردی اور حمایت کا اظہار کیا۔ خان صاحب نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ حالیہ نہیں بلکہ تین ماہ قبل 19 جون کو پیش آیا تھا۔ واقعے کے بعد انہیں دو سے تین ہفتوں تک مختلف نمبروں سے فون کالز موصول ہوئیں، جن میں طنزیہ جملے کسے جاتے اور انہیں ڈرایا دھمکایا جاتا رہا۔

چاہت فتح علی خان کے مطابق:

"میرے پاس وہ تمام نمبر محفوظ ہیں، میں انہیں پولیس کے حوالے کروں گا تاکہ ان افراد کو اپنے عمل کا اندازہ ہو سکے۔"واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برطانیہ میں ایک پروموشنل ویڈیو کی ریکارڈنگ کے دوران اچانک چند نوجوانوں نے ان کے سر پر انڈے پھینکے اور فرار ہوگئے۔ اس موقع پر میڈیا نمائندگان اور دیگر افراد بھی موجود تھے جنہوں نے یہ واقعہ ریکارڈ کرلیا۔