ویب ڈیسک: پی ڈی ایم اے نے 6 سے 9 ستمبر کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کے 10ویں اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اس دوران لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور سمیت متعدد شہروں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 7 سے 9 ستمبر کے دوران ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں (رود کوہیوں) میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ اسی تناظر میں صوبے بھر کے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بعض مقامات پر بھی بارشیں متوقع ہیں، بالائی اور پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی لینڈ سلائیڈز کے خدشے کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں پہلے ہی سیلابی صورتحال موجود ہے، جبکہ مزید بارشوں کے باعث بڑے شہروں میں ندی نالے بپھر سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ دریاؤں اور نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔واضح رہے کہ 26 جون سے اب تک مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک بھر میں 884 افراد جاں بحق اور 1181 زخمی ہو چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ 489 اموات، پنجاب میں 223، سندھ میں 58، بلوچستان میں 26، اسلام آباد میں 9، گلگت بلتستان میں 41 اور آزاد کشمیر میں 38 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔