ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے نامور ہدایتکار ودھو ونود چوپڑا نے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ فلم ایکلویہ: دی رائل گارڈ کی ریلیز کے بعد انہوں نے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کو 4 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی تحفے میں دی، لیکن اس فیصلے پر انہیں اپنی والدہ سے سخت ڈانٹ اور تھپڑ بھی ملا۔
ونود چوپڑا کے مطابق فلم کی شوٹنگ کے دوران امیتابھ بچن نے اپنے قیام اور اخراجات خود برداشت کیے کیونکہ ہدایتکار پہلے ہی فلم میں شامل دیگر فنکاروں کے اخراجات خود اٹھا رہے تھے۔ اس موقع پر جیا بچن نے مذاق میں کہا تھا کہ ان کے شوہر ونود چوپڑا کو ایک ہفتہ بھی برداشت نہیں کر پائیں گے، جس کی تصدیق امیتابھ بچن نے شو کون بنے گا کروڑ پتی میں بھی کی تھی۔
ہدایتکار نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران ان کی اور بگ بی کی کئی بار تکرار ہوئی لیکن دونوں نے پروفیشنل انداز میں فلم کو مکمل کیا۔ فلم کے اختتام پر امیتابھ بچن کے تعاون کو سراہتے ہوئے انہوں نے بطور تحفہ ایک مہنگی گاڑی پیش کی۔
ونود نے بتایا کہ ان کی والدہ نے جب گاڑی کی چابیاں بگ بی کو دیں تو انہوں نے لاپرواہی سے اندازہ لگایا کہ شاید گاڑی 11 لاکھ روپے کی ہوگی۔ لیکن جب انہیں اصل قیمت (4.5 کروڑ روپے) کا علم ہوا تو وہ سخت غصے میں آگئیں اور اپنے بیٹے کو تھپڑ مار دیا، ساتھ ہی کہا کہ "تم بے وقوف ہو، یہ گاڑی اپنے لیے خرید لیتے۔"ہدایتکار نے کہا کہ وہ لمحہ ان کی زندگی کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک ہے کیونکہ اس نے انہیں یہ سبق دیا کہ اصل خوشی جمع کرنے میں نہیں بلکہ دوسروں کے ساتھ بانٹنے میں ہے۔