پریانکا چوپڑا نے ہدایتکار کی کس ڈیمانڈ پر فلم کرنے سے انکار کیا؟ والدہ کا انکشاف

پریانکا چوپڑا نے ہدایتکار کی کس ڈیمانڈ پر فلم کرنے سے انکار کیا؟ والدہ کا انکشاف

بالی ووڈ اور ہالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی والدہ مدھو چوپڑا نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ان کی بیٹی نے ایک ہدایتکار کی ڈیمانڈ پر فلم کرنے سے صاف انکار کر دیا تھا۔

 مدھو چوپڑا نے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کے حوالے سے ہمیشہ بہت حساس رہی ہیں اور کبھی بھی پریانکا کو فلم کے سیٹ یا کسی آفس میں اکیلا نہیں چھوڑتی تھیں۔مدھو چوپڑا نے کہا کہ پریانکا ہمیشہ فوری فیصلے کرتی ہیں اور چاہے انہیں کسی فلم سے ہاتھ ہی کیوں نہ دھونا پڑے، وہ ہمیشہ اپنے اصولوں پر کام کرنا ترجیح دیتی ہیں۔ ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایک ہدایتکار نے پریانکا سے فلم کرنے کی پیشکش کی تھی، مگر اس ہدایتکار نے کہا کہ وہ پریانکا کو اکیلے میں فلم کی کہانی سنانا چاہتا ہے۔ پریانکا نے فوراً انکار کر دیا اور کہا کہ اگر ہدایتکار انہیں ان کی والدہ کے سامنے کہانی نہیں سنا سکتا تو وہ اس کے لئے فلم نہیں کر سکتی۔مدھو چوپڑا نے اپنی بیٹی کے حوالے سے کہا کہ وہ ہمیشہ پریانکا کے ساتھ رہیں اور اسے کبھی اکیلا نہیں چھوڑا کیونکہ وہ اس بات سے واقف تھیں کہ وہ انڈسٹری میں نئے ماحول میں قدم رکھ رہی تھی جہاں کئی چیلنجز ہو سکتے ہیں۔

 انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ پریانکا کو ہمیشہ بتاتی رہیں کہ اگر وہ اپنی قدر نہیں کرے گی تو دنیا بھی اسے اسی نظر سے دیکھے گی۔ انہوں نے مثال کے طور پر کہا کہ وہ ہمیشہ پریانکا سے کہتی تھیں کہ "اگر تم چونی (25 پیسہ) کی طرح برتاؤ کرو گی تو لوگ تمہیں ویسا ہی دیکھیں گے، لیکن اگر تم خود کو ایک روپیہ سمجھو گی تو لوگ تمہاری ویسی ہی عزت کریں گے"۔مدھو چوپڑا کی یہ باتیں ایک مضبوط پیغام دیتی ہیں کہ پریانکا چوپڑا نے ہمیشہ اپنے اصولوں اور اپنی عزت کو اولین ترجیح دی، اور اپنی والدہ کے بتائے ہوئے سبق کو ہمیشہ اپنی زندگی میں اپنایا۔