فلسطینی وفد نے کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار
اسلام آباد(آئی این پی )فلسطین کے قاضی القضا (چیف جسٹس) ڈاکٹر محمود صدقی عبد الرحمان الہباش کی سربراہی میں 4 رکنی وفد نے وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے ملاقات کی۔وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں امام مسجد اقصی اور امام مسجد ابراہیمی بھی شریک تھے۔فلسطینی وفد نے پاکستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سردار محمد یوسف نے کہا کہ ملت فلسطین کی حمایت دین، نسل، عقیدہ اور ثقافت سے بالاتر ہو کر ایک انسانی و اخلاقی فریضہ ہے۔انہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام اور مقدسات کی پامالی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر حال میں فلسطین کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔