مکالمہ اور سفارت کاری ناگزیر،پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی اہم ہیں: چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد(آن لائن) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا آذربائیجان پارلیمنٹ کی اسپیکر صاحبہ غفاروا سے ٹیلیفونک رابطہ ہواجس میں خطے کی صورتحال اور باہمی امور پر گفتگوکی گئی ۔پاکستان کی جانب سے آذربائیجان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے چیئرمین سینٹ نے حالیہ ڈرون حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ ڈرون حملے بین الاقوامی قوانین اور خودمختار ریاستوں کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔پاکستان آذربائیجان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مکالمہ اور سفارت کاری ناگزیر ہیں،پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے آذربائیجان کی حکومت کا پاکستانی شہریوں کے انخلا میں تعاون پر شکریہ اداکیا اور کہا کہ ایران سے 113 پاکستانی شہریوں کا محفوظ انخلا، آستارا بارڈر کراسنگ کے ذریعے سہولت فراہم کی گئی۔آذربائیجان پارلیمنٹ کی اسپیکر نے پاکستان کی سفارتی اور سیاسی حمایت کو سراہااور کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مضبوط تعلقات خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔