آنے والے وقت میں اس تعاون کو وسعت دینے کا منتظر ہے:برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں گفتگو
مدارس سے فارغ التحصیل طلبا ء کو برطانیہ میں ایکسچینج پروگرام اور سکالرشپ فراہم کرسکتے ہیں: ہائی کمشنر
اسلام آباد(آئی این پی )برطانیہ نے مدارس کے طلبا کو جدید تکنیکی تعلیم، ہنر کی فراہمی کیلئے پاکستان کو معاونت کی پیشکش کی ہے۔ یہ بات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ملاقات کے دوران کہی ۔وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ اپنی شاندار روایات اور ثقافتی ورثے پر بہت فخر ہے جہاں ہم عقیدے اور عقائد کے تنوع کیلئے انتہائی احترام رکھتے ہیں، پاکستان برطانیہ سے تعلقات کو گہری قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور آنے والے وقت میں اس تعاون کو مزید وسعت دینے کا منتظر ہے۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر ریاستی سرپرستی میں ہونے والے ظلم و ستم میں اضافہ تشویش ناک ہے۔برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ مدارس سے فارغ التحصیل طلبا کو برطانیہ میں ایکسچینج پروگرامز اور اسکالرشپ فراہم کرسکتے ہیں۔دریں اثنا پاکستان اور برطانیہ نے انتہاپسندی کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔