سعودی عرب نے 2034 فیفا ورلڈکپ کے لیے بنائے جانے والے منفرد منصوبوں میں شامل نیوم اسٹیڈیم کی تعمیر غیر معینہ مدت کے لیے روک دی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق معاملے سے واقف دو ذرائع نے بتایا ہے کہ نیوم اسٹیڈیم کی تعمیر روکنے کا فیصلہ نیوم کے بڑے منصوبے ’دی لائن‘ میں تاخیر اور اس کے حجم میں کمی کے بعد کیا گیا۔نیوم اسٹیڈیم کو ’دی لائن‘ نامی تقریباً 160 کلومیٹر طویل مستقبل کے شہر میں بلند مقام پر تعمیر کیا جانا تھا۔ یہ منصوبہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد سعودی معیشت کو تیل پر انحصار سے نکال کر مختلف شعبوں میں وسعت دینا ہے۔تعمیراتی منصوبوں کی نگرانی کرنے والے ادارے ’میڈ پروجیکٹس‘ کے مطابق 46 ہزار نشستوں پر مشتمل نیوم اسٹیڈیم کی متوقع لاگت تقریباً 2.5 ارب ڈالر تھی، تاہم منصوبے کو فی الحال ’آن ہولڈ‘ قرار دیا گیا ہے اور اس کی تکمیل کے لیے کوئی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔
سعودی عرب 2034 فیفا ورلڈکپ کی میزبانی کے لیے پانچ شہروں میں مجموعی طور پر 15 اسٹیڈیمز کی تعمیر یا اپ گریڈیشن کے علاوہ متعدد تربیتی مراکز بھی تیار کر رہا ہے۔ ان منصوبوں کی مجموعی مالیت تقریباً 22.7 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق خطے میں جاری جنگی صورتحال، بنیادی ڈھانچے کو درپیش خطرات اور ملکی بجٹ پر بڑھتے ہوئے دباؤ نے بھی بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔تاہم سعودی حکام کا کہنا ہے کہ 2034 ورلڈکپ کی تیاریوں میں اہم پیش رفت جاری ہے۔