فیفا ورلڈکپ 2026 سعودی عرب، قطر اور انگلینڈ نے میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرلیا

فیفا ورلڈکپ 2026 سعودی عرب، قطر اور انگلینڈ نے میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرلیا

ویب ڈیسک: سعودی عرب، قطر اور انگلینڈ نے فیفا ورلڈکپ 2026 کے لیے اپنی نشستیں یقینی بنا لی ہیں۔

سعودی عرب نے عراق کے خلاف بغیر کسی گول کے ڈرا کھیل کر مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈکپ میں رسائی حاصل کرلی۔ یہ میچ فیصلہ کن ثابت ہوا کیونکہ سعودی ٹیم کو اگلے مرحلے میں جانے کے لیے صرف ایک پوائنٹ درکار تھا۔ گول کیپر نواف الاکیدی نے میچ کے آخری لمحات میں حسن عبد الکریم کی فری کک کو شاندار انداز میں روک کر ٹیم کو شکست سے بچا لیا۔

اس نتیجے کے بعد سعودی عرب گروپ بی میں گول اوسط کی بنیاد پر پہلی پوزیشن پر آگیا۔ اگرچہ عراق کے پوائنٹس سعودی عرب کے برابر ہیں، تاہم بہتر گول ڈیفرنس کی بدولت سعودی ٹیم نے براہ راست کوالیفکیشن حاصل کی، جبکہ عراق کو اب متحدہ عرب امارات کے خلاف پلے آف سیریز کھیلنی ہوگی جس سے بین الاقوامی پلے آف میں جانے والی ایشیائی ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔

دوسری جانب قطر نے یواے ای کو 1-2 سے اور انگلینڈ نے لاٹویا کو 0-5 سے شکست دے کر فیفا ورلڈکپ 2026 میں اپنی جگہ پکی کرلی۔

میگا ایونٹ آئندہ برس امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔