چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے سعودی عرب میں کنگ فہد عبدالعزیز یونیورسٹی کے کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا، جہاں سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران محسن نقوی نے اسٹیڈیم کے مختلف سیکشنز اور انکلوژرز کا معائنہ کیا، جبکہ مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور ضروری تبدیلیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اس موقع پر انہیں اسٹیڈیم کی موجودہ سہولتوں اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یہ اسٹیڈیم سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا اور مستقبل قریب میں یہاں بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگی۔انہوں نے سعودی کرکٹ فیڈریشن کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی کے سفر کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہے۔