کراچی: پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے بائیں بازو پر بنا عربی زبان کا منفرد ٹیٹو مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، جس میں زندگی کے حوالے سے معنی خیز پیغام درج ہے۔
ڈمپل کوئن ہانیہ عامر اپنی اداکاری، فیشن اور منفرد انداز کے باعث پاکستان سمیت بیرونِ ملک بھی بڑی تعداد میں مداح رکھتی ہیں۔ اداکارہ نے 2016 میں فلم ’جانان‘ سے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا۔اداکاری کے ساتھ ساتھ ہانیہ عامر نے فیشن کے میدان میں بھی اپنی منفرد شناخت بنائی ہے۔ ان کے ملبوسات، زیورات اور مختصر بالوں کا انداز اکثر مداحوں کی توجہ حاصل کرتا ہے۔ہانیہ عامر کے مختلف ٹیٹو بھی ان کے منفرد انداز کا نمایاں حصہ ہیں۔ اداکارہ اکثر سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر شیئر کرتی ہیں، جن میں ان کے ٹیٹو بھی دکھائی دیتے ہیں۔
حالیہ تصاویر میں ہانیہ عامر کے بائیں بازو پر کلائی کے قریب بنا عربی زبان کا ٹیٹو مداحوں کی خاص توجہ کا مرکز بنا۔ ٹیٹو پر عربی عبارت "حب نفسك أولا" درج ہے، جس کا مطلب ہے ’’سب سے پہلے خود سے محبت کرو‘‘۔یہ عبارت اس پیغام کی عکاسی کرتی ہے کہ دوسروں سے محبت کرنے سے پہلے انسان کو اپنی ذات کی قدر اور خود سے محبت کرنا سیکھنا چاہیے۔واضح رہے کہ ہانیہ عامر کے بازو پر 2023 سے ’پاور پف گرلز‘ کے معروف کردار ببلز کا ٹیٹو بھی موجود ہے۔ ببلز اپنے کردار میں مہربانی، حساسیت، خوشی اور اندرونی طاقت جیسی خصوصیات کے لیے جانی جاتی ہیں۔