لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت شروع کیے گئے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کو عالمی سطح پر پذیرائی مل گئی۔
پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ منصوبے کو دنیا کے 5 بہترین سستے رہائشی منصوبوں میں شامل کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ادارے یو این ہیبی ٹیٹ کے ’’اسکرول آف آنر ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا ہے۔مریم اورنگزیب کے مطابق ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں 2 لاکھ سے زائد گھر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ منصوبے کا مقصد ہزاروں خاندانوں کو اپنے گھر کی سہولت فراہم کرکے انہیں تحفظ، سلامتی، وقار اور بہتر مستقبل دینا ہے۔اس حوالے سے عمان کے دارالحکومت مسقط میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پنجاب کے رہائشی منصوبے کو عالمی اعزاز سے نوازا گیا۔عالمی ایوارڈ ملنے پر پنجاب حکومت نے اپنے مؤقف میں کہا کہ یہ اعزاز صوبے کے عوام کا ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے خوشحال، بااختیار اور باوقار پنجاب کے وژن کا اعتراف ہے۔