پنجاب میں وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق صوبے بھر میں اس مقصد کے لیے 20 ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ بلاسود قرضوں کے ذریعے خاندانوں کو رہائشی سہولت فراہم کی جا سکے۔اب تک 1 لاکھ 21 ہزار سے زائد خاندانوں کو بلاسود قرض فراہم کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید 26 ہزار خاندانوں کو فوری طور پر اقساط جاری کی جائیں گی۔ قرض کی فراہمی کا عمل آسان، شفاف اور میرٹ پر مبنی رکھا گیا ہے۔حکام کے مطابق اس وقت صوبے میں 43 ہزار سے زائد گھر زیر تعمیر ہیں، اور حکومت نے پانچ سال میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا ہے، جسے مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا وژن حقیقی معنوں میں لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لا رہا ہے اور کم آمدنی والے افراد کے لیے رہائش کے خواب کو حقیقت میں بدل رہا ہے۔