ویب ڈیسک: پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے "اپنی چھت، اپنا گھر" منصوبے نے کامیابی کی نئی مثال قائم کر دی۔
حکومت پنجاب کے مطابق محض چند ماہ کی قلیل مدت میں 50 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ 57 ارب 90 کروڑ روپے کے قرضے مستحق افراد کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف بے گھر افراد کو رہائش فراہم کر رہا ہے، بلکہ روزگار کے مواقع، مقامی معیشت کی بہتری، اور تعمیراتی صنعت کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا:"لوگوں نے صرف جھوٹے نعرے لگائے، ہم نے عوام کے لیے حقیقت میں گھر بنا کر دکھائے۔ یہ منصوبہ ہر شہری کو باعزت زندگی کا حق دینے کے ہمارے وعدے کی عملی شکل ہے۔"ماہرین کے مطابق منصوبے کی کامیابی سے نہ صرف غریب اور نادار طبقات کو ریلیف ملا ہے بلکہ تعمیراتی سرگرمیوں سے وابستہ ہزاروں افراد کو مستقل روزگار بھی حاصل ہوا ہے۔پنجاب حکومت منصوبے کو مزید وسعت دینے کا ارادہ بھی رکھتی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سے مستفید ہو سکیں۔