ڈیلوری کے بعد ہسپتال کے عملے نے مبینہ طور پر غیر پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا:مدعی مقدمہ کا الزام
فیصل آباد(آ ئی این پی)فیصل آباد کے علاقہ مکوانہ چک 229 رب میں واقع مریم نواز ہسپتال میں ڈیلوری کے دوران مبینہ غفلت اور غیر معیاری طبی امداد کے نتیجے میں 26 سالہ زچہ جاں بحق ہو گئی۔ متاثرہ شوہر کی درخواست پر متعلقہ تھانہ میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق سائل وقاص طارق ولد طارق جاوید سکنہ چک 229 رب مکوانہ نے پولیس کو بتایا کہ اس نے مورخہ 01 اکتوبر 2026ء کو اپنی حاملہ بیوی ماہ جبیں (عمر 26 سال) کو نارمل ڈیلوری کے لیے مریم نواز ہسپتال چک 229 رب میں داخل کروایا تھا۔ سائل کے مطابق ڈیلوری کے بعد ہسپتال کے عملے نے مبینہ طور پر غیر پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا اور دورانِ علاج طبیعت بگڑنے کے باوجود مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کیں۔ مدعی مقدمہ کا الزام ہے کہ ہسپتال میں آکسیجن سلنڈر موجود نہیں تھا اور نہ ہی کوئی مستند ڈاکٹر یا میڈیکل اسپیشلسٹ بروقت دستیاب تھا۔ حالت زیادہ خراب ہونے پر جب مریضہ کو سول ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تو وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ ورثاء نے ہسپتال کے باہر شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے سائل وقاص طارق کی مدعی پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔