اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈائون، 498 ملزمان گرفتار، اسلحہ بر آمد

اسلام آباد(آئی این پی )اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق 2 ہفتوں کے دوران کارروائیوں میں 498 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ترجمان پولیس نے بتایا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں اور اس دوران 73 ملزمان گرفتار ہوئے۔ترجمان پولیس کے مطابق غیر قانونی اسلحہ اور اسلحے کی نمائش میں ملوث 111 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ترجمان پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان سے 3 کلاشنکوف، 4 رائفلز، 11 خنجر اور مختلف بور کے 94 پستول برآمد ہوئے۔ترجمان پولیس کے مطابق کریک ڈائون کے دوران 2 ہفتوں میں 314 اشتہاری مجرمان گرفتار ہوئے۔