صدر مملکت آصف علی زرداری نے دوحا میں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات، علاقائی امور اور مستقبل کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں شیخ تمیم نے آئندہ سال پاکستان کے دورے کا اعلان کیا اور کہا کہ قطر کو پاکستان اور اس کی کامیابیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے ان کی تعداد میں اضافے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔صدرِ مملکت نے امیرِ قطر کو حکومت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں۔ دونوں رہنماؤں نے برادرانہ اور تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر صدرِ مملکت نے قطر کی ترقی اور امیرِ قطر کی قیادت کو سراہا۔امیرِ قطر نے پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پاکستان منفرد حیثیت رکھتا ہے، جو چین، مغرب اور خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات رکھتا ہے۔ صدر زرداری نے قطر کے ساتھ دفاع، دفاعی پیداوار، زراعت اور غذائی تحفظ میں تعاون بڑھانے کی تجویز دی، جسے امیرِ قطر نے مثبت جواب دیا اور متعلقہ حکام کو فوری رابطوں کی ہدایت کی۔
اس کے علاوہ، صدر زرداری نے قطر میں ہونے والی دوحا مذاکرات اور افغانستان سے متعلق قطر کے کردار کی بھی ستائش کی۔ امیرِ قطر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور افغانستان موجودہ مسائل حل کرکے حالیہ چیلنجز کو پسِ پشت ڈالیں گے۔ انہوں نے آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کی۔اس ملاقات میں چیئرمین پیپلز پارٹی و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور پاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔ یہ ملاقات دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کو واضح کرنے کا عمل تھی۔